پاکستان بھارتی جارحیت پر خاموش نہیں رہے گا: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ بھارت اسرائیل نہیں اور پاکستان فلسطین نہیں۔ ترک نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے کسی بھی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان کا ردعمل فوری، تیز اور وحشیانہ ہوگا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن بھارتی حملے کی صورت میں دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی ایک کھلی حقیقت ہے۔ صرف 2024 میں اب تک 3700 سے زائد دہشتگرد حملے ہوچکے ہیں جن میں 3896 پاکستانی شہری اور سکیورٹی اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا بیان مزید تھا کہ بھارت نے جعفر ایکسپریس حملے میں ملوث دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کی حمایت کی، جو کھلے عام بھارتی مدد کی طلبگار تھی۔ نئی دہلی میں بعض سیاست دانوں اور سابق فوجی افسران نے اس تنظیم کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے جن میں سے 3 رافیل طیارے شامل تھے۔ دنیا جانتی ہے کہ یہ حقیقت ہے، لیکن بھارت اسے تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
پاکستان بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، بھارت کی اندرونی سیاست اس پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔ پاکستان بھارتی تسلط کو ہرگز قبول نہیں کرے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا انٹرویو پاکستان کے اصولی موقف اور دفاعی تیاریوں کی عکاسی کرتا ہے، جس میں واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اگر بھارت نے حالات کو بگاڑنے کی کوشش کی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔