آزاد جموں و کشمیر میں کرپشن کے خلاف جاری مہم میں مزید تیزی آ گئی ہے، کیونکہ اینٹی کرپشن فورس کو جدید اسلحہ اور ایمونیشن فراہم کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ویژن کے مطابق کرپشن کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ مظفرآباد میں پولیس لائنز کے فائرنگ بٹ میں نئے اسلحہ اور ایمونیشن کا ٹیسٹ فائر کیا گیا، تاکہ اسلحہ کے معیار کا جائزہ لیا جا سکے۔
ٹیسٹ فائر کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن چوہدری مختار حسین، سپرنٹنڈنٹ پولیس اینٹی کرپشن محمد سلیم درانی، سپرنٹنڈنٹ پولیس ریزرو ثاقب عباسی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس لیگل اینٹی کرپشن عارف مجید اور دیگر افسران موجود تھے۔ اینٹی کرپشن کے افسران اور جوانوں نے نئے خرید کردہ اسلحہ کا معیار جانچنے کے لیے اس فائرنگ میں حصہ لیا۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن چوہدری مختار حسین نے محکمہ انسداد بدعنوانی کو درکار افرادی قوت اور مالی وسائل کی فراہمی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کرپشن کا مکمل خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کرپشن کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
آخر میں انہوں نے ریزرو پولیس کے افسران کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس ٹیسٹ فائر کے سلسلے میں معاونت فراہم کی اور ضروری انتظامات کیے۔