پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا ایک اہم اجلاس

56

مظفرآباد(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے 11 اراکین اسمبلی نے شرکت کی جبکہ دیوان غلام محی الدین بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے، اجلاس میں متفقہ طور پر خواجہ فاروق احمد پارلیمانی لیڈر، سابق وزیر قانون سردار فہیم اختر ربانی اور سابق وزیر رفیق نیئر پر مشتمل ایک 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو حکومت کی جانب سے وفاداریاں تبدیل کرنے والے اراکین اسمبلی کو قانونی تحفظ دینے کے لیے راتوں رات جاری کیے گئے-

آرڈیننس کو عدالت العالیہ میں چیلنج کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات کرے گی اور دیگر ایسے معاملات میں حکومت جو بھی غیر قانونی، غیر اخلاقی و غیر سیاسی اقدامات کرے گی کو عدالت العالیہ میں سامنے لانے کی ذمہ دار ہو گی۔

اجلاس میں ایک ہائی پاور کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے بھی ایک کمیٹی بنانے پر مشاورت کی گئی کہ اس تلخ حقیقت کا پتہ لگایا جائے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے کہ پی ٹی آئی کے 29 ووٹ کیسے خود کو آزاد امیدوار کہنے والے وزیراعظم کے امیدوار کو پڑے-

منحرف اراکین پی ٹی آئی کا مؤقف لینے کے لیے بھی پی ٹی آئی کے ذمہ داران کی ڈیوٹی لگائی گئی، اس حوالے سے اتوار کے روز شام 7 بجے ان 19 اراکین اسمبلی کو اسلام آباد میں دعوت دی گئی تاکہ وہ اپنا مؤقف دے سکیں اور پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی سے دوبارہ رجوع کر سکیں۔ صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اور پارلیمانی لیڈر خواجہ فاروق احمد نے اراکین کو ثابت قدمی سے اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قائد عمران خان کی ہدایت کے مطابق 19 اراکین اسمبلی کو ایک بار پھر موقع دینا چاہتے ہیں کہ نادانستہ طور پر ان سے جو اقدام ہوا ہے-

اس کی تلافی ہو سکے اور ہم سب عمران خان کی قیادت میں آزاد کشمیر کے عوام کو پی ٹی آئی کی حکومت تشکیل کر کے دیں کہ عوامی نے پی ٹی آئی کو جولائی 2021ء میں اسی بات کا مینڈیٹ دیا تھا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 مئی کو اسلام آباد کلب میں شام 7 بجے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس حتمی ہو گا اور اس اجلاس میں شریک اراکین اسمبلی کے حوالے سے مکمل رپورٹ قائد عمران خان کو پیش کر دی جائے گی، اجلاس میں امید ظاہر کی گئی کہ اس وقت جو 19 اراکین اس اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے وہ سب آج ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شامل ہو کر اپنے عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.