موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہیں

41

مظفرآباد: سیکرٹری پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد کشمیر گلزار فاطمہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہیں اور ان سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر گلزار فاطمہ کا کہنا تھا آئندہ آنے والی نسلوں اور ان کے بقاء کے تحفظ کے لئے موسمیاتی تبدیلیوں کا تدارک بہت ضروری ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے حال ہی میں جرمن ریڈ کراس کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا ہے۔ جس کا مقصد لوگوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق شعور کو اجاگر کرنا اور موافقت پیدا کرنا ہے۔

شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر سیکرٹری گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیاں بہت تیزی سے رونما ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے قدرتی آفات سیلاب، بے موسمی بارشوں، سخت موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہفتہ شجر کاری کے دوران نہ صرف ظفرآباد میں بلکہ دیگر اضلاع میں بھی پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے رضاکاران پھلدار پودے اور درخت لگائیں گے۔

سیکرٹری گلزار فاطمہ نے کہا کہ لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے ہر سطح پر کوششیں کی جائیں گی۔ اس حوالے سے تعلیمی اداروں، سکول، کالجز، یونیورسٹیز میں آگاہی سیشن اور سیمینار کا انعقاد بھی کروایا جائے گا۔

شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر سیکرٹری گلزار فاطمہ نے پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔

اس موقع پر پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ترجمان عدنان قریشی، پروگرام کوآرڈینیٹر یاسر جوش، ہیومن ریسورس منیجر مختار احمد، فنانس آفیسر عدنان عباسی اور لاجسٹکس آفیسر سبط الحسن گیلانی بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.