وزیراعظم آزاد کشمیر دورہ میرپور کے دوران منگلا سے بغیر پروٹوکول کے محکمہ فشریز کے زیر اہتمام منگلا فش ہیچریز اور چڑیا گھر کااچانک دورہ
وزیراعظم آزاد کشمیر دورہ میرپور کے دوران منگلا سے بغیر پروٹوکول کے محکمہ فشریز کے زیر اہتمام منگلا فش ہیچریز اور چڑیا گھر کااچانک دورہ کرنے پہنچ گئے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے اچانک دورہ کے موقع پر محکمہ فشریز کی ہیچری میں 24 تالاب خالی ہونے اور چڑیا گھر میں پرندے اور جانور نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کی سرزنش کی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے چڑیا گھر اور فش ہیچری کو 15 مارچ تک فنکشنل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چڑیاگھر کو جدید خطوط پر استوار کرکے عوام کو عالمی معیار کی تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔جنگلی حیات ہمارا قومی ورثہ ہے اس کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اس طرح کے قومی اور ریاستی منصوبوں میں محکموں کی عدم دلچسپی سے اربوں روپے کی متوقع آمدن کو شدید طرح کا نقصان پہنچتا ہے اگر محکمہ فیشیریز اپنے فرائض صحیح معنوں میں ادا کرے اور منگلا ڈیم میں مچھلی کی پیداور بڑھانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے تو منگلا ڈیم سے زیادہ سے زیادہ مچھلی کی پیداور ہوسکتی ہے جس سے پورے پاکستان میں میٹھے پانی کی مچھلی فراہم کرسکتے ہیں اورحکومت آزاد کشمیر کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن حاصل ہوسکتی ہے ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ جو محکمے اپنے ادارے کے متعلق دلچسپی نہیں لیتے ان کے خلاف سخت ایکشن ہوگا ۔لاپروائی اور غفلت کے مرتکب ہونے والوں کوسزا و جزا کے عمل سے ضرور گزاریں گے تاکہ آئندہ کوئی بھی ادارہ فرائض میں غفلت کا مرتکب نہ ہوسکے ۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ وزراء حکومت چوہدری محمد رشید، چوہدری اکبر ابراہیم، چوہدری علی شان سونی، پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ، سیکرٹریز حکومت اور دیگر موجود تھے۔