آزاد کشمیرمیں 16 تا 20 جنوری 2023 پولیو گھر گھرمہم کا آغاز

1

ڈاکٹرعبدالستار خان پروونشیل پروگرام منیجر ای پی آئی آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق16تا20جنوری2023آزاد کشمیر کے تمام اضلاع،مظفرآباد، حسب تحریک ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نیلم ماسوائے تحصیل شادرہ کی چار یونین کونسل (دودنیال،شاردہ، کیل اور گریس)بوجہ بارش /برفباری ، جہلم ویلی (ہٹیاں)‘باغ،حویلی‘ پونچھ،سدھنوتی‘ کوٹلی‘ میرپور اور بھمبر میں پولیو گھر گھرمہم کا آغاز ہو رہا ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مہم کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے کے لئے تمام ترضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

ڈاکٹرعبدالستار خان پروونشل پروگرام منیجر ای پی آئی آزادکشمیر نے بتایا ہے کہ ریاست آزاد جموں و کشمیرگذشتہ 23سالوں سے پولیو فری سٹیٹ ہے تا ہم اس مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پاکستان بھر سے پولیو کا خاتمہ ہو سکے۔ لہذا اس موذی مرض سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے کہ آزادکشمیر میں 5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ اور وٹامن اے کے قطرے پلائیں جائیں۔آزادکشمیر میں پولیو اور وٹامن اے کی گھر گھر مہم کے دوران 720168بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے3859موبائل ٹیمیں جو کہ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کی کمی سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گیں۔علاوہ ازیں 432مقامی ہسپتال اورمراکز صحت(فکس سینٹرز) اور تمام اڈوں، ما رکیٹوں اور داخلی راستوں پر156ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں۔

فکس سینٹرز، ٹرانزٹ پوائنٹس اور موبائل ٹیمیں صبح8:00بجے سے شام 4بجے تک دوران مہم مصروف عمل رہیں گے۔ اس مہم کی سپرویژن کے لئے یونین کونسل کی سطح پر245یونین کونسل سپروائزز۱ور تحصیل سطح پر35تحصیل سپروائززکے علاوہ844 ایریا انچارج بھی مقرر کئے گئے ہیں جو ٹیموں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ اُن کو ویکسین اور دیگر ضروری سامان موقع پر فراہم کریں گے۔ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر آفس میں پولیو کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں اس کے علاوہ مرکزی سطح پرپراونشل پروگرام منیجر ای پی آئی آزاد کشمیر دفتر سنٹر پلیٹ مظفرآبادمیں بھی پولیو کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا فون نمبر05822-920791ہے ٖجہا ں پر پولیو مہم کی روزانہ کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس مہم کوWHO،فیڈرل ای پی آئی سیل اسلام آباد اور محکمہ صحتِ عامہ کے آفیسران مرکزی سطح سے بھی مانیٹر کریں گے۔

عوام الناس سے التماس ہے کہ پولیو گھر گھر مہم میں مامور عملہ سے بھرپور تعاون کریں۔ اور اگر کسی وجہ سے کوئی بھی بچہ پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پینے سے محروم رہ جائے تو اپنے متعلقہ ضلعی کنٹرول روم کو مطلع کیا جائے تاکہ والدین اور عوام الناس کے باہمی روابط سے پانچ سال تک کاکوئی بچہ پولیو اور وٹامن اے کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ڈاکٹرعبدالستار خان پروونشیل پروگرام منیجر ای پی آئی آزاد کشمیر نے ریاست بھر کے والدین، اُساتذہ کرام، وکلا ء صاحبان، عام شہری، ملازمین، مزدور غرض ہے کہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے احباب سے اپیل کی ہے کہ وہ گھر گھر آنے والی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کی کمی سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں تا کہ یہ قومی مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔

یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے گذشتہ 23سالوں سے آزادکشمیر پولیو فِری ہے اوریہ تب ہی ممکن ہوا ہے کہ حکومت آزادکشمیر کی خصوصی دِلچسپی، ممبران اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت عامہ کے آفیسران،اہلکاران، میڈیا، صحافی حضرات اور عوام الناس کا بھرپور تعاون رہا ہے۔اگر اسی طرح تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ حفاظتی ٹیکہ جات کو بھی یقینی بنائیں تو بہت جلد ملک سے پولیو اور دیگر مہلک بیماریوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔اُنھوں نے صحافی حضرات اور میڈیا سے خصوصی درخواست کی ہے کہ یہ پیغام عام لوگوں تک پہنچانے کے لئے محکمہ صحت ِ عامہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے اس قومی فریضہ میں اپنی مِلّی بیداری کا ثبوت دیں تا کہ آزادکشمیرسے پولیو جیسی موذی مرض کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔

1 Comment
  1. […] آزاد کشمیرمیں 16 تا 20 جنوری 2023 پولیو گھر گھرمہم کا آغاز […]

Leave A Reply

Your email address will not be published.