ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: دفاعی چیمپئن کو ایونٹ کے آغاز میں بدترین شکست
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سپر 12 مرحلے کے ابتدائی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 89 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کا ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دینا مہنگا پڑ گیا۔نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بناڈالے۔
ڈیوون کونوے نے 92 رنز کی برق رفتار ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔فن ایلن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔
جمی نیشم 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان کین ولیمسن 23 اور گلین فلپس 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ ایڈم زیمپا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 111 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔گلین میکسویل 28 اور پیٹ کمنز 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔
مچل مارش 16، کپتان ایرون فنچ 13 اور ٹم ڈیوڈ 11 کے علاوہ کوئی دیگر کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔
مارکس اسٹوئنس 7، ڈیوڈ وارنر 5، مچل اسٹارک 4، میتھیو ویڈ 2 اور ایڈم زیمپا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ جوش ہیزل ووڈ ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور ٹم ساؤتھی نے 3،3 ، ٹرینٹ بولٹ نے 2 جبکہ لوکی فرگیوسن اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
New Zealand win their first men's international game on Australian soil since 2011 🔥#T20WorldCup | #AUSvNZ | 📝 Scorecard: https://t.co/ouB6f5vSvG pic.twitter.com/gcCoihn9UD
— ICC (@ICC) October 22, 2022
نیوز ی لینڈ کے ڈیوون کونوے کو شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔